25 جنوری 2015 - 05:46
لبنان میں دہشت گردوں کو مکمل شکست:فوج کا اعلان

لبنانی فوج نے کہا ہے کہ ملک کے شمال مشرق میں لڑائیوں کے دوران دہشت گردوں کو مکمل طور پر شکست دے دی گئی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  مسلح افواج نے لبنان کے شمال مشرق میں راس بعلبک کے قصبے کی پہاڑیوں پر واقع تلہ الحمراء اڈے کو تکفیری دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرا کے اس پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے- اس بیان کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والی لڑائيوں میں دو افسروں اور تین فوجیوں سمیت کئی فوجی  بھی مارے گئے ہیں- لبنانی فوج کے بیان میں کہا گيا ہے کہ ان لڑائیوں میں بہت سے دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ باقی بھاگنے پر مجبور ہو گئے- بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنانی فوجیوں کے ایک گروپ نے مسلح دہشت گردوں کے راستے میں کمین لگا کر ان پر حملہ کیا، یہ دہشت گرد شام کی سرحد کے قریب عرسال کے علاقے میں وادی حمید کی چیک پوسٹ پرحملہ کرنا چاہتے تھے، لبنانی فوج کے اس حملے میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے- لبنان کے اخبار النہار نے لکھا ہے کہ لبنانی فوج کے ساتھ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کی لڑائیوں میں کم از کم پینتیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے-   لبنان کے وزیراعظم تمام سلام نے مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ لبنانی عوام فوج کے پیچھے ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔ لبنان کے وزیر دفاع نے بھی اس ملک کی فوج کو لبنان کی حمایت کے لیے ایک مضبوط ڈھال اور امن کی ضامن قرار دیا ہے- لبنان کے وزیر دفاع اور نائب وزیر اعظم سمیر مقبل نے راس بعلبک کے علاقے میں جمعہ کے روز مسلح گروہوں کے خلاف فوج کی کامیاب کاروائيوں کے دوران   فوج کی شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے-

.......

/169